کراچی: کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) نے کراچی اینیمل ہیلتھ یونٹ (KAHU) اور کلفٹن اینیمل ریسکیو فاؤنڈیشن (CARF) کے اشتراک سے ٹریپ، نیوٹر، ویکسینیٹ اور ریٹرن (TNVR) مہم کو کامیابی کے ساتھ ڈی ایچ اے اور کلفٹن کے مختلف علاقوں میں مکمل کیا۔
یہ مہم آوارہ جانوروں کی آبادی کے مؤثر نظم و نسق اور جانوروں کی فلاح و بہبود کے فروغ کے حوالے سے ایک نمایاں سنگ میل ثابت ہوئی ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عمر فاروق علی ملک کی رہنمائی اور نگرانی میں چلنے والی اس مہم کا مقصد آوارہ جانوروں کی آبادی پر انسانی ہمدردی کے ساتھ پائیدار طریقے سے قابو پانا تھا۔ اس مہم کے دوران بڑی تعداد میں جانوروں کو محفوظ طریقے سے پکڑا گیا:
1. نس بندی (Spaying/Neutering) کے ذریعے افزائش پر قابو پایا گیا
2. مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگائی گئی
3. اور بعد ازاں انہیں ان کی اصل جگہ پر واپس چھوڑ دیا گیا
یہ ہمدردانہ اور سائنسی بنیادوں پر مبنی طریقہ کار نہ صرف وقت کے ساتھ آوارہ جانوروں کی تعداد میں کمی کا باعث بنے گا بلکہ انسانوں اور جانوروں دونوں کے لیے ایک محفوظ، صحت مند اور ہم آہنگ ماحول کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا.
