کراچی: کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن(سی بی سی) کی فوڈ کنٹرول ٹیم کی جانب سے کلفٹن اور ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے مختلف فوڈ آؤٹ لیٹس، فوڈ مارٹس اور گروسری اسٹورز میں معائنے جاری ہیں تاکہ صحت و صفائی کے طے شدہ اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ معائنے سی بی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب محمد عمر فاروق علی ملک کی ہدایات پر اور کنٹونمنٹ پیور فوڈ ایکٹ 1996 کے تحت انجام دیے جا رہے ہیں۔
معائنوں کے دوران، فوڈ کنٹرول ٹیم نے مختلف اداروں میں صفائی کی صورتحال، کھانے پینے کی اشیاء کو محفوظ رکھنے اور پیش کرنے کے طریقۂ کار، اسٹوریج کے معیار اور مجموعی حفظانِ صحت کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
ٹیم نے ذمہ داران کو ضروری رہنمائی اور ہدایات فراہم کیں تاکہ تمام کاروباری ادارے فوڈ سیفٹی پروٹوکولز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
سی بی سی کے ترجمان نے کہا کہ بورڈ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے باقاعدہ نگرانی اور معائنے کا سلسلہ جاری رہے گا
