کراچی:کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) نے کلفٹن اور ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کی مختلف سڑکوں پر گڑھوں کی مرمت (پوتھول فکسنگ) مہم کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ شہریوں کے لیے سڑکوں کو زیادہ محفوظ، ہموار اور آرام دہ بنایا جا سکے۔
یہ مہم سی ای او سی بی سی جناب محمد عمر فاروق علی ملک کی ہدایت اور قیادت میں شروع کی گئی ہے، جس کا مقصد سڑکوں کی حالت بہتر بنانا، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا، اور عوام کے سفر کو محفوظ و سہل بنانا ہے۔
سی بی سی کی روڈ مینٹیننس ٹیمیں کلفٹن اور ڈی ایچ اے کے مختلف سیکٹرز میں متحرک ہیں، جہاں وہ خراب سڑکوں کے حصوں کی نشاندہی، فوری مرمت، اور سطح ہموار کرنے کا کام انجام دے رہی ہیں۔
علاقے کے رہائشیوں نے اس بروقت اقدام کو سراہا ہے اور اسے سڑکوں کی حفاظت اور معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔
سی بی سی انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ عوامی سہولت اور شہری سلامتی کے پیشِ نظر سڑکوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے کام تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔
